نئی دلی (نیوز ڈیسک ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں دو نابالغ بچیوں کو اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا گیا اور اس گھنائونے فعل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عصمت دری کا نشانہ بننے والی دونوں بچیاں جن کی عمریں 14اور 16سال ہیں آپس میں کزن ہیں جو ریاست کے ضلع ریوا کے جنگل میں بکریاں چرانے کے لیے گئی تھیں۔ایک پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد پولیس نے 7ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیاہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جنگل میں موجود بعض افراد نے نابالغ بچیوں کی عصمت دری کی اور ویڈیو بنائی ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے متاثرہ بچیوں کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی اگر انہوں نے اس واقعے کے بارے میں کسی کو بتایاتو۔بچیوں کی عصمت دری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور متاثرہ بچیوں کا پتہ لگایا۔انہوں نے کہا کہ بچیوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ شدیدخوفزدہ ہوگئی تھیں کیونکہ ملزمان نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی، اس لیے انہوں نے اس سلسلے میں کسی سے کوئی شکایت نہیں کی۔متاثرہ بچیوں اور ان کے اہلخانہ نے پیر کو پولیس کے پاس شکایت درج کرائی اوراس کے بعد میں 7ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیاہے۔ پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا کہ 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر2 کی تلاش جاری ہے۔