سرینگر17 اگست (نیوز ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خود ارادیت کے حصول کی حق پر مبنی جدوجہد میں کشمیریوں کی واضح اور مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جس طرح سے صدر، وزیراعظم اور پاک فوج کے سربراہ نے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیاہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے حوالے سے پاکستان کے واضح موقف سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک کا اصل مقصد بھارت کی غلامی سے آزادی اور مملکت خداداد پاکستان سے الحاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے اور کشمیری بھی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آرایس ایس کی سرپرستی میں قائم بی جے پی حکومت کشمیریوں پر ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کے لیے ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جینوسائیڈ واچ اور دنیا کی دیگر تنظیموں نے کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام اور منظم نسل کشی سے خبردار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو امید ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموںوکشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششیوں میں تیزی لائے گا۔ ۔ غلام احمد گلزار نے دنیا پر زور دیا کہ وہ مجرمانہ خاموشی ترک کرے اور مقبوضہ علاقے میں انسانیت کو بچانے کے لیے آگے آئے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ بھارتی غلامی سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔