اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بھارت کی ایک تیر سے کئی شکار کرنے کی ایک اور گھٹیا سازش ، کشمیری مسلمانوں کی زمینیں ہتھیانے کے ساتھ پاکستان کو بدنام کرنے کا منصوبہ ، مودی کے پٹھو ڈائرکٹر جنرل آف جموں و کشمیر پولیس دلباغ سنگھ کا بدبو دار بیان سامنے آگیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈائرکٹر جنرل آف جموں و کشمیر پولیس دلباغ سنگھ نے بیان جاری کیا ہے کہ ’’ بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ جموں و کشمیر کے سینکڑوں مہاجر جو کئی برسوں سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پناہ لئے ہوئے ہیں‘ وہ جمو ں و کشمیر میں اپنی جائیدادوں سے محروم ہوجائیں گے چونکہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے انہیں اشتہاری مجرم قرار دینے اور ان کی جائیدادوں کو قرق کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔اس کا مزید کہنا تھا کہ درحقیقت مذکورہ کارروائی ڈوڈا ضلع میں پہلے ہی شروع کی جاچکی ہے جہاں 16 مقامی لوگوں نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پناہ لے رکھی ہے اور انہیں اشتہاری مجرم قرار دیا جاچکا ہے۔دلباغ نے کہا کہ دیش کے غدارلوگ جو دہشت گردانہ سرگرمیوں (بھارت میں) میں ملوث ہونے کے بعد پاکستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں‘ اب وہ وہاں سے دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کی کوشش کررہے ہیں‘‘ ۔ یہاں واضح رہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی ادارے طویل عرصے سے مسلم کش کارروائیوں اور کشمیریوں کو ان کی اپنی زمین سے بے دخل کرکے خطے میں غیر کشمیری ہندوئوں کی آبادکاری کے گھنائونے منصوبے پر عمل پیرا ہیں جس کے تحت کشمیریوں کی بڑی تعدا د اپنی پشتینی زمینوں سے ہاتھ دھو چکی ہے جبکہ یہ سلسلہ اب شدت پکڑتا جا رہا ہے اور اب مودی کے پٹھو دلباغ سنگھ کا بیان اس پر مہر ثبت کر رہا ہے کہ بھارتی فورسز کیسے نئے نئے شرمناک الزامات اور معصوم کشمیریوں پر جھوٹے الزامات لگا کر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی بدنام کرنے کی پوری کوششیں کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ آج بھی بھارتی پولیس نے بڈگام اور پلوامہ اضلاع سے 4 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں نے تنویر احمد بٹ اور یاور مقبول گنائی نامی 2 نوجوانوں کوضلع بڈگام کے علاقے پکھر پورہ سے گرفتار کیا ۔ دیگر2 نوجوانوں سہیل فردوس اور شاہد گل کو پلوامہ ضلع کے علاقے گڈورہ سے گرفتار کیا۔پولیس نے کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیموں کا رکن قرار دیدیاہے۔خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے اور بھارت اندر خانے اپنے مکروہ عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر حد پار کرتا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں جموں و کشمیرپولیس کی بدنام زمانہ انٹیلی جنس ونگ نے پہلے ہی ایسے 4,200 امعصوم کشمیریوں کی فہرست تیار کررکھی ہے اور ان کی جائیدادوں کی تفصیلات انسپکٹر جنرل آف رجسٹریشنس اینڈ ریونیو کو حوالہ کردی گئیں جس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی فرد کی جسے اشتہاری مجرم قراد دے دیا گیا ہے‘ جائیداد فروخت یا منتقل نہیں کی جاسکتی۔
کشمیریوں کو ان کی جائیدادوں سے محروم کرنے کا ناپاک منصوبہ ، مودی کے پٹھو دلباغ سنگھ کا جھوٹ سے لبریز زہریلا بیان سامنے آگیا
مناظر: 348 | 9 Sep 2023