اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ملک میں کسی بھی قسم کی معاشی ایمرجنسی نہیں لگائی جارہی۔ حکومت نے فنانشل ایمرجنسی سے متعلق افواہیں رد کردیں۔
وفاقی وزارت اطلاعات مریم اورنگزیب نے فنانشل ایمرجنسی سے متعلق افواہیں رد کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا خط جعلی ہے۔ کابینہ ڈویژن کے نام سے جاری خط کا حقیقت سےتعلق نہیں۔
ٹویٹر پیغام میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ ڈویژن کے نام سے جاری مجوزہ خط کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ فیک نیوز پھیلانا نہ صرف غیراخلاقی بلکہ غیر قانونی ہے۔ یہ قوم کی توہین ہے، ہمیں ایسے رویوں کو مسترد کرنا ہوگا۔
اس سے قبل وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بھی صاف صاف کہہ دیا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ پیرس کلب نہیں جائیں گے۔ آئی ایم ایف پروگرام پورا کریں گے لیکن عوام کو یرغمال نہ بنایا جائے۔ جس حد تک ممکن ہوا عوام کو ریلیف دیں گے۔
دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے کوئی ملک ڈیفالٹ نہیں ہوتا۔ عالمی مالیاتی ادارے کی پروگرام کی بحالی سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور موثراقدامات سے روپے کی قدر بھی بہتر ہوگی۔