اسلام آباد (نیوز ڈیسک )بلوچستان کے علاقے ژوب میں سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر سید علی رضا اور حوالدار نثار احمد شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 8 اور 9 اکتوبر کی درمیانی شب ژوب کے علاقے سمبازہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید علی رضا شاہ شہید ہوگئے، شہید میجرسید علی رضا شاہ آپریشن کو فرنٹ سے لیڈ کررہے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں وہاڑی کے 38 سالہ حوالدار نثار احمد بھی شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز بہادر جوانوں کی مقروض ہیں اور ان پر فخر کرتی ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز مادر وطن کے دفاع کیلئے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔