ممبئی (نیوز ڈیسک ) انڈیا کی ریاست کرناٹک کے لُولُو مال میں پاکستانی جھنڈے کو انڈین جھنڈے سے اوپر لگانے کی جعلی خبر شیئر کرنے کے معاملے پر پولیس نے بی جے پی رہنما شکنتھلا کو گرفتار کر لیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کرناٹک پولیس نے بی جی پی کے کارکن شکنتھلا کو کُوچی کے لُولُو مال کی مبینہ جعلی تصویر شیئر کرنے پر گرفتار کر لیا۔
شاپنگ مال میں یہ جھنڈے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی گہما گہمی میں لگائے گئے تھے۔ شکنتھلا نے لُولُو مال کی ایڈیٹ تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر الزام لگایا تھا کہ مال میں انڈیا جھنڈا چھوٹے اور پاکستانی جھنڈا بڑے سائز میں لگایا گیا ہے۔
اس معاملے کے بعد بی جے پی کے کارکن شکنتھلا نے کرناٹک کے ڈپٹی وزیراعلٰی شیوا کمار کو ٹیگ کر کے کہا کہ یہ تصویر بینگلور کے لُولُو مال کی ہے جبکہ اصل میں یہ تصویر کوچی کے لُولُو مال کی تھی اور اسے ایڈیٹ کیا گیا تھا۔
اس جعلی تصویر کے وائرل ہونے اور پھر سوشل میڈیا پر شور مچنے کے بعد لُولُو مال کی مارکیٹنگ مینیجر کو استعفیٰ دینا پڑ گیا تھا۔
مال میں پاکستانی جھنڈے کو بڑے سائز میں لگانے کی فوٹو سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں شیئر کی گئی، تاہم جب فیکٹ چیک کیا گیا تو پتا چلا یہ تمام جھنڈوں کا سائز ایک ہی تھا جبکہ وہ فوٹو ایسے زاویے سے لی گئی تھی جس میں پاکستانی جھنڈا بڑے سائز میں نظر آرہا تھا۔
اس واقعے کے بعد لُولُو مال کی مینیجر اتھیرا نمپیاتھری نے لنکڈاِن پر اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا کہ ’اُن کی ملازمت اس جھوٹی تصویر کے باعث ختم ہوگئی ہے۔‘
انہوں نے لِنکڈاِن پر بتایا تھا کہ اُن کی ملازمت ’بے بنیاد جھوٹے اور سوشل میڈیا کے جارحانہ رویے‘ کے باعث چلی گئی، تاہم جمعے کو انہوں نے دوبارہ پوسٹ کی کہ اس تصویر کے جعلی ہونے کے باعث اُن کی ملازمت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔