اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پنجاب حکومت نے ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ایرانی تیل کی اسمگلنگ کرنے والی 157 گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف 84 مقدمات درج کیے گئے، 112 افراد کو گرفتار اور 6 لاکھ 80 ہزار لیٹر ایرانی تیل قبضے میں لے لیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ضلع ڈی جی خان میں 131 گاڑیوں کو قبضے میں لیا، 83 ایف آئی آر درج ہوئیں اور 111 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب حکومت نے مزید کہا کہ ضلع راجن پور میں 2 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا، ایک ایف آئی آر درج اور ایک ملزم پکڑا گیا، اسی طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مظفر گڑھ میں 24 گاڑیوں کو قبضے میں لیا۔ا