پشاور(نیوز ڈیسک )خیبر پختونخواہ کے نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کی حق پر مبنی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انہوںنے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے گزشہ روز کشمیریوم سیاہ کے موقع پر پشاور میں ان سے ملاقات کی۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ بھارت نے آج سے 76برس قبل کشمیرپر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا اور وہ آزادی کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوںکو بے انتہا مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نہتے لوگوں پر جو وحشیانہ مظالم ڈھا رہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود اردیت نہیں مل جاتا۔انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و استحکام ممکن نہیں لہذا عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کی نزاکت کے پیش نظر اسکے حل کے لیے ایک بھر پور کردار ادا کریں۔
اس موقع پر امتیاز وانی نے یوم سیاہ کے حوالے سے منعقدہ ریلی میں بھر پور شرکت پر خیبر پختونخوا ہ کے نگران وزیر اعلیٰ، گورنر ، وزیر اطلاعات اور کابینہ کے دیگر ارکان سمیت عام لوگوں کا بھر پور شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموںوکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی جد و جہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے، فیروز جمال شاہ
مناظر: 263 | 28 Oct 2023