لاہور(نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دئیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر گورنر 48 گھنٹے کے اندر دستخط نہیں کرتے تو اسمبلی تحلیل ہو جائے گی، عمران خان نےاپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کر کےعوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نگران سیٹ اپ کے لیے خط لکھ رہے ہیں، لیڈر آف دی اپوزیشن کے اندر نگران سیٹ اپ تشکیل دی جائے گی، پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونے جا رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام صرف الیکشن سے آسکتا ہے، دو صوبوں میں انتخابات کا مطلب 60 فیصد الیکشن ہو گا، ملک کوقومی انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے وعدے پرعملدرآمد کر رہی ہے، وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آکر الیکشن میں جانا چاہیے۔ دوسری جانب بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے لیے وزیر اعلیٰ دو دن بعد ایڈوائز گورنر کو بھیجیں گے ، خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کے لئے آج ایڈوائز نہیں بھیجی جائے گی۔