خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد کے قریب ضلع ہری پور کے علاقے مکھنیال میں نیا کے پی ہاؤس بنانے کا منصوبہ منظور کر لیا ہے، یہ نیا ہاؤس اسلام آباد کے پرانے کے پی ہاؤس سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر ہوگا۔
سرکاری کاغذات کے مطابق اس منصوبے کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام اے ڈی پی 2025-26 میں شامل کیا گیا ہے، منصوبے کی کل لاگت 500 ملین روپے ہے، جن میں سے 250 ملین روپے رواں سال کے لیے رکھ دئے گئے ہیں، اس رقم سے زمین کے حصول اور ابتدائی کام شروع کیے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہری پور کو زمین کی نشاندہی کی ذمہ داری دی گئی ہے، چیف انجینئر ایسٹ، سیکرٹری کمشنر ہزارہ ڈویژن اور دیگر محکموں کو بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے تاکہ کاغذی کارروائی اور دیگر مراحل مکمل کئے جا سکیں، اس منصوبے کا پہلا نوٹیفکیشن 3 ستمبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا۔
صوبائی حکومت کی دستاویزات کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد سرکاری افسران، صوبائی وزراء اور خیبرپختونخوا سے آنے والے مہمانوں کو اسلام آباد کے قریب آرام دہ اور پرسکون مقام پر قیام اور اجلاس کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق فی الحال یہ منصوبہ کاغذی کارروائی کے مرحلے میں ہے، زمین کی نشاندہی کے بعد اس کا ڈیزائن تیار کیا جائے گا اور پھر کسی کمپنی کو ٹھیکہ دیا جائے گا تاکہ عملی کام شروع ہو سکے۔
ماہرین کے مطابق نیا کے پی ہاؤس خیبرپختونخوا حکومت کے لیے اسلام آباد کے قریب ایک اہم سہولت ثابت ہوگا، جہاں سرکاری سرگرمیوں کے ساتھ صوبے کی شناخت اور نمائندگی بھی بہتر انداز میں اجاگر ہوگی۔
اس منصوبے کا مقصد سرکاری افسران اور صوبائی وزراء کو اسلام آباد کے قریب آرام دہ مقام اور اجلاس کی سہولت فراہم کرنا ہے