\
جمعرات‬‮   11   دسمبر‬‮   2025
 
 

مریم نواز کی پنجاب میں سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت، تعلیمی اداروں میں کیمرے اور فرضی مشقیں لازمی

       
مناظر: 324 | 8 Dec 2025  

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

ان کے احکامات کے مطابق تعلیمی اداروں کے باہر ڈیجیٹل نگرانی کیلئے کیمرے نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور پنجاب پولیس کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی گارڈز، انٹری چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں دیگر صوبوں سے آنے اور جانے والی بسوں کے ڈرائیورز اور عملے کی رجسٹریشن کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی، اور پولیس و دیگر اداروں کو موٹروے پولیس کے ساتھ سیکیورٹی کے لیے تعاون کرنے کا حکم دیا۔

پنجاب بھر کے پارکس، مارکیٹس اور دیگرعوامی مقامات میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سیف سٹی اتھارٹی کو کیمروں کا فنکشنل ریویو کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف موثر کارروائی جاری رکھنے اور شہریوں کی مدد سے مشکوک اور سماج دشمن عناصر کی بروقت نشاندہی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

پنجاب میں مقیم دوسرے صوبوں کے شہریوں کے لیے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی افراد اور شہریوں کے درمیان فرق واضح ہو سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گی اور شہریوں کو بھی اپنے ارد گرد مشکوک سرگرمیوں پر نظررکھنے اورمحفوظ ماحول کے قیام میں کردارادا کرنیکی ضرورت ہے۔

انہوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بہترین کام جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔