\
اتوار‬‮   11   جنوری‬‮   2026
 
 

کراچی، وزرائے اعلیٰ سندھ اور کے پی کی ملاقات منسوخ ہونے کی تردید، کل ملاقات طے

       
مناظر: 467 | 11 Jan 2026  

کراچی:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات منسوخ ہونے سے متعلق خبروں پر ابہام برقرار ہے۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے  واضح کیا ہے کہ ملاقات منسوخ ہونے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے اطلاعات مل رہی ہیں کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے سہیل آفریدی سے ملاقات منسوخ کر دی ہے، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات پیر کے روز طے ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق اگر وزیر اعلیٰ سندھ ملاقات نہیں کرنا چاہتے تو یہ ان کی صوابدید ہے، تاہم وزیر اعلیٰ کے پی کو اس ملاقات کی کوئی جلدی نہیں۔

حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ آج باغ جناح میں جلسہ ہوگا جس میں اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق اہم اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہفتے کے روز دونوں وزرائے اعلیٰ کی ملاقات طے نہیں تھی، جبکہ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعلیٰ کے پی کی ملاقات پیر کو ہی ہوگی۔