لاہور:بسنت کے موقع پر لاہور میں تیسرے روز بھی پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خرید و فروخت عروج پر رہی، جہاں تین دنوں کے دوران نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد کے مطابق تیسرے روز صرف لاہور کی مختلف مارکیٹس میں 5 لاکھ سے زائد گڈے پتنگیں فروخت ہوئیں اور مجموعی کاروبار 54 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا۔
ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد نے بتایا کہ تیسرے روز مارکیٹس میں 10 ہزار سے زائد پنوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی، تاہم پتنگوں کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ دستیابی میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔
قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ تاوا گڈا 650 روپے، ایک تاوا 450 روپے جبکہ پونا تاوا 250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دو پیس کا پنا 7 سے 8 ہزار روپے جبکہ چار پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ملک فیضان احمد کے مطابق پہلے روز پتنگوں اور متعلقہ سامان کی 16 کروڑ روپے، دوسرے روز 18 کروڑ روپے جبکہ تیسرے روز 20 کروڑ روپے کی خرید و فروخت ہوئی، جس سے بسنت کے حوالے سے کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اندرون موچی گیٹ مارکیٹ، اسلام پورہ، ساندہ، سمن آباد، نوناریاں، اچھرہ اور دیگر علاقوں میں پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خرید و فروخت مسلسل جاری ہے، جہاں خریداروں کا رش برقرار ہے۔
