کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بچوں کی جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو انسداد پولیو مہم کے پہلے دن کی رپورٹ پیش کردی گئی، رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں پولیو مہم کی مجموعی گھریلو کوریج 92 فیصد، ریکال کوریج 93 فیصد رہی، پہلے روز 2 لاکھ 26 ہزار سے زائد بچے پولیو کے قطروں سے محروم رہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں پولیو مہم کو چیلنجز درپیش ہیں 14.2 فیصد بچے تاحال مسڈ رہے، کراچی میں گھریلو کوریج 87 فیصد، بعض اضلاع میں انکار کی شرح تشویشناک ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ کراچی جنوبی میں والدین کے انکار کی شرح 40 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، کراچی ڈویژن میں 87 فیصد پولیو کوریج رہی، مسڈ بچوں کی شرح 14.2 فیصد رہی، حیدرآباد ڈویژن میں 92 فیصد پولیو کوریج رہی، مسڈ بچوں کی شرح 8.6 فیصد رہی۔
میرپورخاص ڈویژن میں 94 فیصد پولیو کوریج رہی، مسڈ بچوں کی شرح 8.1 فیصد رہی، لاڑکانہ ڈویژن میں 93 فیصد پولیو کوریج رہی، مسڈ بچوں کی شرح 7.7 فیصد رہی، سکھر ڈویژن 94 فیصد پولیو کوریج رہی، مسڈ بچوں کی شرح 7 فیصد رہی، شہید بینظیرآباد ڈویژن میں 95 فیصد پولیو کوریج رہی، مسڈ بچوں کی شرح 5.7 فیصد رہی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ زیادہ مسڈ اضلاع میں فوری ٹارگیٹڈ فالو اپ کیا جائے، انسداد پولیو مہم میں بچوں کی کوریج یقینی بنائی جائے، پولیو کے خاتمے تک مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو معذوری سے بچائیں اور پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں، صوبے بھر میں اگر کہیں پولیو کی ٹیم نہیں پہنچ سکی تو 1166 پر کال کر کے اطلاع دیں۔
