اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آرمی کمانڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ انٹیلیجنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی آپریشن پر نئے جذبے کے ساتھ توجہ مرکوز کریں تاکہ پائیدار امن حاصل کیا جاسکے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایج کیو میں منعقد ہوئی جس کے دوران شرکا کو موجودہ اور سامنے آنے والے خطرات، ’مقبوضہ‘ کشمیر کے حالات اور آرمی اور قانون نافذ کرنے والے ادوروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف ’انٹیلیجنس بیسڈ‘ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس کے شرکا نے پشاور پولیس لائنز دھماکے میں ’شہید‘ ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس حملے میں ملوث کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے بلکہ ان سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لیے ہمارے عزم کو مہمیز ملے گا اور کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی رہے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فورم نے مقبوضہ کشمیرکی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کا نوٹس لیا، فورم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لیا اورکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف کا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ
مناظر: 413 | 1 Feb 2023