اسلام آباد (نیوز ڈیسک )ملک بھر میں 05 فروری بروز اتوار ”یوم یکجہتی کشمیر“ منانے کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہو گئی ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں مصروف بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔
مختلف سرکاری و نجی محکموں، تعلیمی اداروں اور ادبی و ثقافتی تنظیموں نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے کانفرنسوں، ریلیوں، سیمیناروں، مباحثوں اور مقابلوں کا اہتمام کیا ہے۔
پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوںاور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرے گا۔
دن کا آغاز شہدائے کشمیر کے لیے خصوصی دعائوں، جدوجہد آزادی کی کامیابی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ہوگا۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اعلیٰ شخصیات کے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے ۔
الیکٹرانک میڈیا اور پبلیکیشنز کا شعبہ انفارمیشن سروس اکیڈمی میں 03 فروری (جمعہ) کو ڈیجیٹل فوٹو گرافی اور پینٹنگ کی نمائش کا اہتمام کرے گا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج، لوک ورثہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وفاقی نظامت تعلیم کے تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 3 تا 5 فروری کو تین روزہ رنگا رنگ کشمیر کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کرے گا۔پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس ، وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے تعاون سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر 3 سے 5 فروری تک تین روزہ ثقافتی میلے کا انعقاد کرے گی۔انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد 03 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے عنوان سے ایک سیمینار کا اہتمام کرے گا۔
پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز، نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویڑن نے حلقہ ارباب ذوق کے تعاون سے 03 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مشاعرہ منعقد کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اس دن کے حوالے سے 07 فروری کو ایک سیمینار کا اہتمام کرے گا جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ مہمان خصوصی ہوں گے۔
”یوم یکجہتی کشمیر “منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری
مناظر: 628 | 3 Feb 2023