اسلام آباد (نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو ان کے عالمی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن بین الاقوامی سطح پر خواتین کے معاشرے میں کلیدی کردار کو پہچاننے اور انسانی تہذیب کے ارتقاء میں ان کی خدمات کے اعتراف کا دن ہے، تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے تعمیری کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، ہماری حکومت نے ، جب بھی موقع ملا ،خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع، تعلیمی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا، خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی اور ان کے تحفظ کیلئے نہ صرف قوانین بنائے بلکہ ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ عورت اپنے ہر روپ میں معاشرے کے ایک کار آمد فرد کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی ہے، خدائی صفات کی حامل ماں ایک انسان کو کئی ماہ تک اپنی کوکھ میں رکھ کر جنم دیتی اور اس کی پرورش کرتی ہے، خاتون جب بہن کا روپ دھارتی ہے تو وہ انسان کو معاشرے میں دوسروں کی عزت کرنا سکھاتی ہے اور جب رحمت بن کر بیٹی کے روپ میں انسان کے آنگن کو رونق بخشتی ہے تو اسے معاشرے کا ایک ذمہ دار فرد بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دینِ اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیئے، ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا، اسلام خواتین کے وقار کو ماند کئے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہزیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ پاکستان میں فاطہ جناح ہوں یا بیگم رعنا لیاقت علی خان، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ہوں یا ملالہ یوسف زئی، خواتین کا پاکستان کی ترقی اور ارتقاء میں مرکزی کردار کسی قیمت جھٹلایا نہیں جا سکتا، حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے، پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے، اس حقیقت کے پیشِ نظر جب بھی مجھے موقع ملا میں نے خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع، تعلیمی سہولیات اور روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا،
خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی اور انکے تحفظ کیلئے نہ صرف قوانین بنائے بلکہ ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے، ان اقدامات میں خواتین کو وراثت میں حصے کا قانون، بچیوں کی تعلیم کیلئے زیورِ تعلیم سکالرشپ، پنجاب اینڈاؤمنٹ فنڈ میں انکا خصوصی حصہ، لیپ ٹاپس کی فراہمی، میرٹ پر بھرتیاں شامل ہیں، اس کی مثال حال ہی میں جاری کیا گیا وزیرِ اعظم یوتھ لون سکیم پروگرام ہے جس میں 25 فیصد کوٹہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج الحمدللہ قوم کی یہ با صلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقے سے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی نسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، آپ ملک و قوم کا فخر ہیں اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے آپ کی صلاحیتوں اور خدمات کی ضرورت ہے۔