جمعہ‬‮   6   دسمبر‬‮   2024
 
 

یوم پاکستان کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کی پاکستانی عوام، حکومت کو مبارکباد

       
مناظر: 281 | 22 Mar 2023  

 

سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں نے کل منائے جانے والے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور تنظیموں بشمول غلام محمد خان سوپوری، غلام نبی وار، دیویندر سنگھ بہل، محمد یوسف نقاش، امتیاز احمد ریشی، سلیم زرگر، جاوید احمد میر، غیر قانونی طورپرنظربند نور محمد فیاض ،مقبوضہ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم ، مفتی ناصر الاسلام ، انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو اور اسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں 23مارچ 1940کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے اہم واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ کی قرارداد نے خطے کے مسلمانوں کو نئی توانائی اور حوصلہ دیا جنہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میںآل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر جدوجہد آزادی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے ظالمانہ رویے نے اب یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ ایک جائز مطالبہ تھا۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے لیے منصفانہ جدوجہد کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے لوگوں کا رشتہ مضبوط اور کثیر جہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت اس حقیقت سے ثابت ہوتی ہے کہ وہ پاکستانی جھنڈے لہراتے ہیں اور بھارتی فوجیوں کی بندوقوں کے سائے میں یوم پاکستان مناتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے شہدا ء کی میتوں کو پاکستانی پرچم میںدفن کرتے ہیں۔حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے نشاندہی کی کہ کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور جدوجہدآزادی میں مصروف کشمیری 23مارچ 1940کی تاریخی قرارداد سے تحریک پاتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے جبری قبضے سے جموں و کشمیرکی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں بلکہ پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کی حمایت کر رہا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں پر بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں امن و خوشحالی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔
دریں اثنا ء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر ، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی، زاہد اشرف، الطاف احمد بٹ، مشتاق احمد بٹ اور قاضی عمران سمیت دیگر حریت رہنمائوں نے بھی اسلام آباد سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں یوم پاکستان کے موقع پر حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلسل حمایت جدوجہد آزادی میں مصروف مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے باعث تقویت ہے۔ حریت آزادکشمیرکے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی واحد امید اور پناہ گاہ ہے لہذ کشمیرکے بارے میںپاک فوج کے سربراہ کا تازہ ترین اوردوٹوک بیان بروقت اور دل کو چھولینے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو پاکستان، اس کے بہادر عوام، سیاسی قیادت اور اس کی مسلح افواج پر پختہ یقین ہے کہ وہ انہیں کبھی مایوس نہیں کریں گے بلکہ حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے جس کی ضمانت انہیںاقوام متحدہ نے دے رکھی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانیت دشمنی کی تفصیل
From Jan 1989 till 29 Feb 2024
Total Killings 96,290
Custodial killings 7,327
Civilian arrested 169,429
Structures Arsoned/Destroyed 110,510
Women Widowed 22,973
Children Orphaned 1,07,955
Women gang-raped / Molested 11,263

Feb 2024
Total Killings 0
Custodial killings 0
Civilian arrested 317
Structures Arsoned/Destroyed 0
Women Widowed 0
Children Orphaned 0
Women gang-raped / Molested 0