اسلام آباد (نیوز ڈیسک )شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوبدو فائرنگ کے دوران سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی ارشاد اللہ (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ کرک) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔