مظفر آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کا آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ ۔ خواجہ فاروق کو قائدِ حزبِ اختلاف نامزد کر دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے نومنتخب وزیر اعظم چودھری انوارالحق سے اعلان لاتعلقی کر دیا جبکہ سردار تنویر الیاس کو پی ٹی آئی کی صدارت سے بھی سبکدوش کر دیا۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نامزد قائدِ حزبِ اختلاف خواجہ فاروق کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ فاروق کی قیادت میں اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھنے والے اراکین ہی پی ٹی آئی کا حصہ رہ سکیں گے جبکہ کنارہ کشی کرنے والے اراکین کے پی ٹی آئی سے اخراج کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔سابق وزیر اعظم سردار قیوم نیازی کو تحریک انصاف آزاد کشمیر کا صدر جبکہ چودھری مقبول گجر کو آزاد کشمیر اسمبلی کیلئے سپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا۔ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے 31 میں سے 7 ارکان اسمبلی کی اجلاس میں شرکت پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان برہم ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 ارکان میں خواجہ فاروق، قیوم نیازی، دیوان محی الدین ،مقبول گجر اور حامد رضا شامل ہیں جبکہ سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان اور چودھری انوارالحق گروپ کے ارکان نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔