مظفرآباد(نیوز ڈیسک )اسلامک سوشل سائنسز فورم ہادی فاونڈیشن کے تحت معیشت اور معاشرے میں مذہب ،روحانیت،اخلاقیات اور اقدار کے کردار کے موضوع پر تیسری تین روزہ عالمی ڈیوائن اکنامکس کانفرنس پانچ مئی سے مظفرآباد میں شروع ہوگی۔
کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسلامک سوشل سائنسز فورم ہادی فاونڈیشن کی مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز مظفرآباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت فورم کے چیئرمین اور جامعہ کشمیر کے سابق ڈین فیکلٹی آف آرٹس ڈائریکٹر کشمیر انسٹیٹوٹ آف اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر سید نثارحسین ہمدانی نے کی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ تین روزہ عالمی کانفرنس اسلامک سوشل سائنسز فورم ہادی فاونڈیشن کے زیراہتمام جامعہ کشمیر،سٹیٹ بینک،دیگربینکس ،اے ای آرسی اوردوسری جامعات کے تعاون سے اگلے ماہ کی 5تاریخ سے شروع ہورہی ہے جس میں دنیا کے مختلف حصوں سے نامور محققین اورماہرین تعلیم شرکت کریںگے ۔منتظمین کے مطابق اس کانفرنس میں امریکہ ، برطانیہ،ملائیشیاء ،ایران سمیت کئی دیگر ممالک کی جامعات سے تعلق رکھنے والے مندوبین اورمحقیقین دیے گئے موضوعات پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔کانفرنس میں پاکستان کی جامعات سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم بھی شرکت کریں گے اور اپنے موضوعات پر تازہ ترین تحقیق سے شرکاء کانفرنس کو آگاہ کریں گے۔
کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کریں گے جبکہ ایگزیکٹیوڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان قاسم نواز اور پاکستان کی جامعات کے وائس چانسلرز،ڈین حضرات ،سربراہان شعبہ جات کے علاوہ کاروباری طبقے کی نمایاں شخصیات بھی کانفرنس میں شریک ہونگے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں ریاست کی جامعات،پوسٹ گریجویٹ فاربوائز،فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج فاروویمن کے طلباء و طالبات ،فیکلٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد معیشت اور معاشرے میں مذہب ،روحانیت،اخلاقیات اور اقدار کے کردار پر ہونے تجزیات سے استفادہ کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک سوشل سائنسز فورم ہادی فاونڈیشن کے چیئرمین اورجامعہ کشمیر کے سابق ڈین فیکلٹی آف آرٹس ڈائریکٹر کشمیرانسٹیٹیوٹ آف اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر سید نثارحسین ہمدانی نے کہا کہ معیشت اور معاشرے میں مذہب ،روحانیت،اخلاقیات اور اقدار کے کردار کے موضوع پر منعقدکی جانے والی تیسری عالمی ڈیوائن اکنامکس کانفرنس اپنی نوعیت کی ایک منفردکانفرنس ہے جو معیشت اور معاشرے کو لے کر اخلاقیات اقدار ،روحانیت اور مذہب جیسے موضوعات کا احاطہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ رائج مغربی اقتصادی نظریہ جو معیشت کو مذہب،اخلاق اورروحانیت سے جداگانہ حیثیت میں تسلیم کرتا ہے ،قابل قبول نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت اور معاشرت یکجان ہیںاور اس وجہ سے مذہب ،اخلاق اور اقدارمعاشی نظریات کا لازمی حصہ ہونا چاہییں۔پروفیسر ڈاکٹر نثارحسین ہمدانی نے کہا کہ انہیں اس بات کی بیحد خوشی ہیکہ ڈیوائن اکنامکس پر گزشتہ دو کامیاب عالمی کانفرنسز کے بعد تیسری کانفرنس کا بھی انعقاد کیاجارہا ہے جو یقینا اس خطہ اور دنیا میں ان ان نادر موضوعات پر کام کرنے والے محقیقین کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔اجلاس سے کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر مدیحہ ریاض (بہاولپوریونیورسٹی) نے بھی خطاب کیا۔
آخر میں پروفیسر ڈاکٹر نثار ہمدانی نے اس کانفرنس کے انعقاد کے سلسلہ میں تعاون پر جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کا شکریہ ادا کیا اور امیدظاہر کی کہ کانفرنس میں شریک ہونے والے ملکی اور عالمی محقیقین،آزادکشمیر یونیورسٹی و دیگر ریاستی جامعات کے سوشل سائنسز کے طلباء و طالبات ، فیکلٹی ممبران اور ایم فل پی ایچ ڈی سکالرز اس سے بھرپورفائدہ اٹھائیں گے اور یہ کانفرنس اسلامک سوشل سائنسز کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔