سرینگر30اپریل(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ جائز جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل اور ہر ممکن حمایت کے پاکستانی فوج کے سربراہ کے اعادے سے کشمیریوں کا عزم مزید مستحکم ہوگا۔
غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کا بیان پورے جوش وجذبے کے ساتھ بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے بہادر کشمیریوں کے لیے تقویت اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن اور سفیر ہے اور ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ مضبوط چٹان کی طرح کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے سربراہ اور وزیر اعظم کے حالیہ بیانات کشمیریوں کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ پاکستان انہیں کبھی تنہانہیں چھوڑے گا۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں کیونکہ ایک مستحکم اور مضبوط پاکستان ہی تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی مضبوط اور لازوال مذہبی، ثقافتی اور جغرافیائی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کو کبھی ہندوتوا دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گا جو انہیں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ان سفارتی کوششوںپر پاکستان کے شکر گزار ہیں جووہ کشمیر کاز کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی واحد امید ہے اور کشمیریوں کو یقین ہے کہ وہ انہیں کبھی مایوس نہیں کرے گا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں عبدالاحد پرہ، محمد سلیم زرگر، یاسمین راجہ، ڈاکٹر مصعب، محمد یوسف نقاش ،جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ،جموں و کشمیر پیپلز لیگ اورجموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت میں فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے بیان کی تعریف کی۔جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے موقف کو سراہا۔انہوں نے کشمیر کاز کے لیے جنرل عاصم منیر کے پختہ عزم اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ان کی حمایت کو سراہتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے فعال کردار ادا کرے۔