اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے علاقوں پارہ چنار اور اپر کرم میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 5 اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پارہ چنار میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک ٹیچر کوقتل کیا گیا جس کے بعد نامعلوم مسلح افراد نے اپر دیر میں تری مینگل ہائی اسکول کے اسٹاف روم میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 اساتذہ اور 3 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دونوں واقعات میں 5 اساتذہ سمیت 8 افراد کو قتل کیا گیا، ہلاک ہونے والے تین افراد اسکول میں تعمیرات کا سامان لانے والی گاڑیوں کے ڈرائیور تھے، مقتولین کی میتیں تدفین کیلئے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ہیں۔
شہریوں ، اساتذہ اور سول سوسائٹی نے واقعے کے خلاف پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا جبکہ 8افراد کے قتل پر ضلع بھرکےتمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیے گئے ہیں۔
کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک کے امتحانات بھی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیے گئے ہیں۔
فائرنگ کا نشانہ بنائے گئے تمام ٹیچرز امتحانی ڈیوٹی پر تھے۔ پارہ چنار میں چلتی گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیے گئے استاد کا تعلق بھی تری مینگل ہائی اسکول سےتھا۔ ٹیچرمحمد شریف کو شلوزان روڈ پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
نگران مشیرتعلیم رحمت سلام خٹک کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آنے کے بعد امتحانات کی تاریخ دی جائےگی، میٹرک کے امتحان ری شیڈول کرکے بقیہ پرچے لیے جائیں گے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپر کرم اور پارہ چنار میں 8 اساتذہ کے قتل کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ علم دشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے ، امید ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
اپر کرم اور پارہ چنار میں فائرنگ کے واقعات، 5 اساتذہ سمیت 8 افراد جاں بحق
مناظر: 589 | 5 May 2023