اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عماد علی بٹ اور ٹکٹ ہولڈرز عباد فاروق کی مبینہ آڈیوز سامنے آگئیں۔ مبینہ آڈیو میں عباد فاروق کہہ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے حکم دیا ہے کہ کور کمانڈر آفس کو آگ لگادو۔ دوسری طرف عماد علی بٹ آڈیو میں کہہ رہے ہیں، جو جو بند کرنا ہے، سب بند کرو، آرمی آفس بند کرو، ڈی سی آفس بھی بند کرو۔ اس سے قبل پی ٹی آئی سینیٹر چوہدری اعجاز اور اُن کے صاحبزادے علی چوہدری اور پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز اور صغیر وڑائچ کی مبینہ آڈیوز سامنے آئیں۔ اعجاز چوہدری اور علی چوہدری کی آڈیو کال میں کہا گیا کہ ’ہم نے پورا کور کمانڈر ہاؤس لاہور تباہ کر دیا ہے‘۔ آڈیو میں علی چوہدری پوچھتے ہیں کہ گولیاں چلی ہیں؟ اس پر اعجاز چوہدری کہتے ہیں کہ ہاں جی فائرنگ ہوئی، پہلے تو ہوائی فائرنگ ہوئی ہے، پھر ایک برسٹ ماراہے، تین لوگوں کو گولیاں لگی ہیں۔ لیک آڈیو میں کہا گیا کہ ’گملے سے لے کر گھر کی کوئی چیز باقی نہیں بچی اڑا دیا ہے سارا‘۔
اس کے ساتھ صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز اور صغیر وڑائچ کی مبینہ آڈیو لیک سامنے آئی ہے۔ جس میں صغیر وڑائچ پوچھتے ہیں کہ ’شیخ صاحب اپنے علاقے بند رکھنے ہیں یا سینٹرل پوائنٹ‘؟ شیخ امتیاز کہتے ہیں کہ ہم ادھر سارے کور کمانڈر ہاؤس میں اکٹھے ہوگئے ہیں، اس پرصغیر وڑائچ پوچھتا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس؟ پھر ہم بھی وہاں پہنچ جائیں؟ اس پر شیخ امتیاز کہتے ہیں کہ ہاں پہنچ جائیں۔
آڈیو سامنے آنے پر شیخ امتیاز نے وضاحت جاری کی اور کہا کہ میری آڈیو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔