اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہےکہ جس طرح افواج پاکستان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اس طرح تو صرف دہشتگرد تنظیمیں کرتی رہی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ریلی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، اس حوالے سے مختلف وفود نے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین سے ملاقات کی ، جن میں لاہور، اوکاڑہ، خانیوال اور تلہ گنگ کے وفود شامل تھے۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی ریلی سے متعلق انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، تنظیمی معاملات اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر سابق گورنر چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کی جانب سےجناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور پبلک پرائیویٹ املاک کو نقصان پہنچانا کسی صورت قابل قبول نہیں، شر پسندوں نے طالبان اور بی ایل اے کے دہشت گردو جیسی کارروائیاں کی۔ چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی کے لئے بھرپور ریلی نکال رہے ہیں، ریلی میں محب وطں پاکستانیوں اور پی ایم ایل کے ورکر کثیر تعداد میں شریک ہوںگے، پاکستان مسلم لیگ (ق)کی تنظیم سازی میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے ۔