جموں(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں منگل کو 5.2شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ ضلع ڈوڈہ میں گندوہ بھالیرا کا علاقے زلزلے کا مرکز تھا جس کی گہرائی 6 کلو میٹر تھی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میں زلزلے سے کچھ رہائشی مکانوں ،سرکاری اسکولوں اور دیگرعمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔کشتواڑ میں 21 گھروں اور دو سرکاری اسکولوں کو نقصان پہنچا۔ ڈوڈہ میں ایک سرکاری اہلکار نے بتایاکہ یہ زبردست زلزلہ تھا جس نے علاقے میں عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس زلزلے کے بعد ایک اسکول کی چھت گرنے کی اطلاعات ہیں۔ہمیں ہر جگہ سے کالیں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمارتیں گرنے کی بہت کم اطلاعات ہیں لیکن عمارتوں میں دراڑیں پڑنے سے املاک کو بڑے پیمانے پر نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی تک پورے اعداد و شمار نہیں ملے اور ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج دی گئی ہیں۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔