لاہور (نیوز ڈیسک ) زمان پارک میں ہونیوالی سازش کو سیاسی جماعت کے کارکنان نے ایک ماہ میں بے نقاب کر دیا۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث سیاسی جماعت سے وابستہ شرپسندوں کے اعترافات جاری ہیں، زمان پارک میں ہوئی سازش سے متعلق کارکنان نے ہی سب کچھ بتا دیا۔ پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے ایک روز قبل شرپسندی کی منصوبہ بندی کی گئی، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری نے کارکنان کو جناح ہاؤس کوچ کرنے کی ہدایت کی۔ کارکن کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے ایک دن قبل انتشار کا منصوبہ تیار کیا۔ 9 مئی کی شر انگیزی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کو بچانے کیلئے ایجنسیوں پر الزام تراشی کا آغاز کیا۔ کارکن کا مزید کہنا ہے کہ کورکمانڈر (جناح) ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ کے وقت حسان نیازی بھی موجود تھے جنہوں نے کورکمانڈر کی وردی کی بے حرمتی کی۔