اسلام آباد 22جون (نیوز ڈیسک )پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ رواں ہفتے کے شروع میں بین الاقوامی برادری نے پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا، یہ دن کشمیریوں کے مصائب کی یاددہانی کرتا ہے جنہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرکے جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو تشدد، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے ہجرت پر مجبور کیا گیا، جموں و کشمیر کے ہزاروں لوگ بے گھر افراد کی طرح زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے وطن واپس جانے سے قاصر ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف وہراس اور ظلم و ستم کے ماحول کو ختم کرنا چاہیے اور کشمیری عوام کی زندگیوں میں امن لانا چاہیے۔
پاکستان کا کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
مناظر: 223 | 22 Jun 2023
