اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر اتفاق کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دی تھی جبکہ قانونی ماہرین کی طرف سے بھی حکومت کو 8 اگست کی تجویز دی گئی تھی۔
قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے 9 اور 10 اگست کی تاریخوں پر بھی غور کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست تک ہے، اگر 8 اگست کو اسمبلی تحلیل نہیں ہوتی تو اس صورت میں 12 اگست کو رات 12 بجے اسمبلی از خود تحلیل تصور ہوگی۔
قبل ازیں 13 جولائی کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ 12 اگست 2023ء کو معاملات نگران حکومت کے سپرد کر دیں گے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا تھا کہ مدت پوری ہونے سے چند روز قبل اسمبلیاں تحلیل کرنے سے اچھا پیغام نہیں جائے گا، ملک میں عام انتخابات 12 اکتوبر تک ہو جانے چاہئیں۔