اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی حکومت کے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت چلتی رہتی تو مدت ختم ہونے تک ملک معاشی طور پر تباہ ہو جاتا۔ جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے تھے مگر وہ اس وقت کچھ سننے کے موڈ میں نہیں تھے، (ن) لیگ کے اراکین کے ٹیکس کی فائلیں مانگی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں 40 اراکین اسمبلی آئے، نصراللہ دریشک نے کہا کہ تم ابھی بچے ہو، یہ تمہارے بس کا کام نہیں۔ شبر زیدی نے مزید کہا کہ تمباکو مافیا کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کی، خیبر پختونخوا سے ارکان اسمبلی نے کہا آپ ہمارے علاقے میں نہیں آسکتے، قبائلی علاقوں میں اسٹیل ری رولنگ ملز پر ہاتھ ڈالا تو فاٹا کے 20 سینیٹرز چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس آکر بیٹھ گئے کہ شبر زیدی کو روکیں۔