راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) اڈیالہ جیل سے رہا ہو تے ہی دوبارہ گرفتار ہونے والے تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ جیل انتظامیہ کے مطابق پرویز الٰہی کو نظر بندی آرڈر کی مدت مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے پرویز الٰہی کو جیل سے رہا ہوتے ہی حراست میں لے لیا۔ انہیں جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا۔نیب کی جانب سے عدالت سے پرویز الٰہی کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی، دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا جس کے بعد نیب ٹیم انہیں لے کر لاہور کے لیے روانہ ہو گئی۔ پرویزالٰہی کو منگل کے روز لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ پرویز الٰہی صاحب آپ کو بار بار گرفتار کیا جا رہا ہے ، جس پر صدر پی ٹی آئی نے جواب دیا شوق پورا کرنے دو ان کو۔