اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ہسٹری کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی جس پر اسے تنقید کا سامنا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے مصدقہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے 14 اگست کی شام ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں سال 1952 سے لے کر موجودہ وقت تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار واقعات کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ لیکن اس پوری ویڈیو میں 1992 میں پاکستان کے لیے واحد کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان ہی غائب ہیں جس پر صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور عمران خان کی غیر موجودگی کا گِلہ کیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آتے ہی مداح آپے سے باہر ہوگئے اور کرکٹ بورڈ سے عمران خان کو ویڈیو میں شامل نہ کرنے کا سوال پوچھا۔ البتہ پی سی بی کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو کے تھمبنیل میں عمران خان کی تصویر ضرور ہے جس میں وہ دیگر 6 کھلاڑیوں کے ہمراہ 1992 کا ورلڈکپ پکڑے ہوئے ہیں۔
آئیے کچھ تبصرے ملاحظہ کرتے ہیں:
پاکستان کی سابقہ کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر عروج ممتاز نے ایکس پر ردعمل دیا اور لکھا ‘پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی ان یادوں میں 1992 کے ورلڈکپ کی 11 تصاویر ہیں لیکن ان میں سے کسی ایک میں اس عظیم کھلاڑی کا ذکر نہیں جس نے پاکستان کے لیے کھیلا ہو، عمران خان ہمیشہ دنیا کی تاریخ میں عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔
مریم خان نامی سوشل میڈیا صارف نے پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’آپ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ عمران خان کی کوئی حیثیت نہیں؟ آپ اس کھیل میں بھی (سیاست کی طرح) پولرائزیشن لانا چاہتے ہیں، فیصلہ آپ نہیں، عوام کرے گی‘۔
اسامہ نامی صارف نے پی سی بی کی ویڈیو کا تمسخر اڑایا اور خیالات کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عظیم ترین کرکٹر کے بغیر آپ کسی بھی طرح کی پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر ویڈیو نہیں بنا سکتے۔
Making history isn't just about one day, it's about the legends we create and the tales we script 💫
🏆 Pakistan Cricket Team – a legacy that echoes through time 🌟#BeyondJustOneDay pic.twitter.com/grC0YVC5Xi
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 14, 2023