کراچی:
مینز ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا سفر بدھ سے شروع ہوگا، بلو شرٹس کا ابتدائی ٹاکرا یو اے ای سے دبئی میں شیڈول ہے۔
مقامی وقت کے مطابق میچ ساڑھے 7 بجے شب کھیلا جائے گا، بھارت طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کر رہا ہے، بطور ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپیئن بھارت ایونٹ میں فیورٹ ہوگا۔
شبمن گل ٹی ٹوئنٹی میں بطور نائب کپتان واپسی کر رہے ہیں، حالیہ سیزن میں انہوں نے آئی پی ایل میں 650 رنز 155.87 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنا رکھے ہیں اور ایشین کپ میں بھی ان سے بہترین پرفارمنس کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، یو اے ای کے کوچ بھارتی نژاد لال چند راجپوت ہیں، انہوں نے بھارت کو 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فاتح بنوانے میں بھی کردار ادا کیا تھا۔
میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیم حالیہ سہ ملکی سیریز میں افغانستان اور پاکستان سے بھی ہار چکی ہے جبکہ اس سے قبل یوگینڈا نے بھی اسے مات دی تھی۔
یواے ای کے اسپنر سمرنجیت سنگھ اب انٹرنیشنل کرکٹ میں شبمن گل کو بولنگ کریں گے، دبئی کی پچ کے زیادہ تازہ اور جاندار ہونے کی توقع ہے، امکان ہے کہ پیسرز اور اسپنرز کو یکساں مدد ملے گی، شہر کی گرمی اور نمی دونوں ٹیموں کی فٹنس کا امتحان ہوگی۔
یو اے ای نے بھارت کا سامنا صرف ایک بار ٹی ٹوئنٹی میں کیا ہے جب 2016 ایشیا کپ میں خلیجی ٹیم کو 9 وکٹ سے شکست ہوگئی تھی، اسی طرح بھارت گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے اب تک 24 فتوحات سمیٹی ہیں جبکہ 3 میں اسے ناکامی کا سامنا رہا ہے۔