جمعہ‬‮   12   ستمبر‬‮   2025
 
 

پاکستان ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی واچ لسٹ سے باہر نکل گیا

       
مناظر: 426 | 12 Sep 2025  

کئی مہینوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد بالآخر پاکستان نے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کی واچ لسٹ سے اپنا نام نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق واڈا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن (اے ڈی او پی) کے خلاف تعمیل کا عمل بند کردیا گیا ہے کیونکہ تمام زیر التواء اصلاحی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

واڈا کی جانب سے مزید تصدیق کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ پاکستان اب کسی اضافی نگرانی کے تحت نہیں رہا، جس سے ممکنہ پابندیوں سے متعلق قیاس آرائیاں بھی ختم ہوگئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت اے ڈی او پی کے عملے کی انتھک کوششوں اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی  رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ کی قیادت میں نہ صرف پالیسی ہم آہنگی بلکہ طریقہ کار میں اصلاحات بھی بروقت نافذ کی گئیں تاکہ پاکستان سخت عالمی معیار پر پورا اتر سکے۔

ستمبر 2024 میں پاکستان کو خبردار کیا گیا تھا کہ اگر جنوری 2025 تک اہم اینٹی ڈوپنگ تقاضے پورے نہ کیے گئے تو خودکار طور پر عدم تعمیل کی حیثیت ہو جائے گی، جس سے پاکستانی کھلاڑیوں کو قومی پرچم تلے کھیلنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ملک کو کھیلوں کی دنیا میں تنہائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے کہا کہ یہ محض ایک بیوروکریٹک کامیابی نہیں بلکہ پاکستانی کھلاڑیوں اور اسپورٹس فیڈریشنز کے لیے زندگی کی نئی لہر ہے۔ عالمی اسپورٹنگ پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کی تیاری کرنے والے ملک کے لیے واڈا سے یہ کلیئرنس ایک اہم سنگ میل ہے۔