پیر‬‮   15   ستمبر‬‮   2025
 
 

بھارتی کرکٹر روایات ہی بھول بیٹھے، جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ہی نہ ملایا

       
مناظر: 726 | 15 Sep 2025  

ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹر روایات ہی بھول بیٹھے،جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ہی نہ ملایا۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی نے ایشیا کپ 2025 میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد ایک متنازع صورتحال پیدا کر دی، جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے تصدیق کی کہ ان کی ٹیم نے بطور احتجاج پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے گروپ اے کے اس میچ کے انعقاد کے لیے بھارتی حکومت کی طویل مشاورت کے بعدبھارتی ٹیم کو اجازت ملی تھی، جس پر شائقین اور ماہرین کو امید تھی کہ میدان میں کرکٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی آ سکتی ہے۔

میچ کے بعد سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اور بی سی سی آئی اس فیصلے پر متفق تھیں کہ ہمیں صرف میچ کھیلنے آنا ہے، ہم نے میدان میں جا کر پاکستان کو بہترین جواب دیا۔

میچ کے اختتام پر، جب سوریا کمار یادیو نے فاتحانہ رنز مکمل کیے تو وہ اپنے ساتھی بلے باز کے ہمراہ پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر وہ پاکستانی کپتان اور ٹیم کی جانب ہاتھ ملانے کے لئے نہیں گئے جیسا کہ کرکٹ میں روایتی طور پر ہوتا ہے۔

پاکستانی کھلاڑی میدان میں ایک گروپ کی صورت میں کھڑے رہے اور بھارتی کھلاڑیوں اور اسٹاف کا انتظار کرتے رہے تاکہ میچ کے بعد مصافحہ کر سکیں، لیکن بھارتی ٹیم نے صرف آپس میں ہاتھ ملائے اور فوراً اپنے ڈریسنگ روم میں واپس چلے گئے، دروازہ بند کر لیا، جبکہ پاکستانی ٹیم میدان میں حیرت سے یہ منظر دیکھتی رہ گئی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینیجر نوید اکرم چیمہ نے بھارتی ٹیم کے غیر مناسب رویے پر شدید احتجاج کیا، جس میں بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اور میچ کے بعد اختتامی تقریب میں شرکت نہ کرنا شامل تھا۔ نوید اکرم چیمہ نے میچ ریفری کے رویے پر بھی اعتراض کیا جو کپتانوں سے ٹاس کے دوران ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین سپرٹ کے بالکل خلاف ہے اور یہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے ایک چیلنج تھا۔انہوں نے کہا کہ اختتامی تقریب میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھارتی رویے کے خلاف شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔