ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں روایتی حریف پہلی بار فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔
ایشیا کپ کے 1984 سے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں اس دوران کبھی بھی پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں نہیں پہنچ پائے۔
2025ء کے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے فائنل میں دونوں ٹیمیں دبئی میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی اور یہ اس ایونٹ میں ان کا تیسرا مقابلہ ہو گا۔
گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی اور پھر فائنل فور مرحلے میں بھی پاکستان پر بھارت نے فتح حاصل کی، تیسرا مقابلہ کس کے نام رہتا ہے 28 ستمبر کو فیصلہ ہو گا۔
بھارت اب تک سب سے زیادہ بار ایشیا کپ جیت چکا ہے وہ آٹھ بار فاتح رہا، سری لنکا دوسرے نمبر پر ہے اس نے چھ بار ایشیا کپ جیتا ہے جبکہ پاکستان دو بار ایشیا کپ جیت کر تیسرے نمبر پر ہے۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ ہم جانتے ہیں ہم نے فائنل میں کیا کرنا ہے، ہم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ ایسے میچز جیتیں تو آپ واقعی خاص ٹیم ہیں، سلمان آغا نے کہا کہ جس طرح باؤلرز نے باؤلنگ کی اور فیلڈر نے فیلڈنگ میں کارکردگی دکھائی وہ بہترین ہے۔
اس موقع پر انہوں نے شاہین آفریدی کے بارے میں کہا کہ انہوں نے میچ کے آغاز سے بنگال بیٹرز پر دباؤ ڈالا، واضح رہے کہ اس اہم میچ میں شاہین آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
