\
جمعرات‬‮   27   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

ایشز سیریز میں اسپنر کے بغیر کھیلنا انگلینڈ کی بڑی غلطی ہوگی، ناتھن لیون

       
مناظر: 365 | 1 Oct 2025  

آسٹریلیا کے تجربہ کار آف اسپنر ناتھن لیون نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ آئندہ ایشز سیریز میں اسپنر کے بغیر میدان میں اُترے، تو یہ اُن کی بڑی غلطی ہوگی۔

ناتھن لیون، جو 139 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں، کا کہنا ہے کہ اگرچہ پرتھ اور برسبین کی وکٹیں روایتی طور پر باؤنس والی ہوتی ہیں، مگر اسپنر کی موجودگی میچ کی رفتار میں اہم فرق ڈال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک ہر ٹیم میں ایک اسپنر ہونا چاہیے کیونکہ وہ کھیل کے ٹیمپو کو بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر کسی اسپنر کی مہارت ان وکٹوں سے میل کھاتی ہو تو وہ آسٹریلیا میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

انگلینڈ نے گزشتہ ہفتے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں زیادہ تر فاسٹ بولر شامل ہیں، جن میں جوفرا آرچر، گَس ایٹکنسن، جوش ٹنگ، برائڈن کارس اور مارک ووڈ شامل ہیں، جبکہ بین اسٹوکس اور میتھیو پاٹس سپورٹ فراہم کریں گے۔

اسپن باؤلنگ کے شعبے میں صرف ایک خصوصی اسپنر، شعیب بشیر، کو منتخب کیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر ول جیکس اُن کے متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ناتھن لیون نے کہا کہ سچ کہوں تو انگلینڈ کی ٹیم وہی ہے جس کی ہمیں توقع تھی، مکمل طور پر جارحانہ فاسٹ بولروں پر مشتمل۔

آسٹریلیا میں غیر ملکی اسپنرز کی کارکردگی اکثر متاثر کن نہیں رہی، یہی وجہ ہے کہ پرتھ میں انگلینڈ کے آل-پیس حملے کی توقع کی جا رہی ہے، لیکن لیون سمجھتے ہیں کہ اسپنرز کو نظرانداز کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ناتھن لیون آسٹریلیا میں ٹیسٹ کرکٹ میں انتہائی کامیاب رہے ہیں، جہاں وہ 268 وکٹیں لے چکے ہیں اور اُن کا اوسط 31.08 ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہاں پلا بڑا ہوں، میں نے ایسی وکٹوں پر جہاں گیند زیادہ اسپن نہیں کرتا کھیل کھیل کر مہارت حاصل کی ہے۔ میں نے نہ صرف سروائیو کرنا سیکھا بلکہ دباؤ بھی پیدا کرنا سیکھا۔ یہ کام مجھے ہمیشہ سے پسند ہے اور میں اسی انداز میں کھیلتا رہوں گا۔

لیون اس ہفتے شیفیلڈ شیلڈ میں نیو ساؤتھ ویلز کی قیادت کرتے ہوئے ایشز کیلئے اپنی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

انگلینڈ 2015 کے بعد پہلی بار ایشز سیریز جیتنے کی کوشش کرے گا، جبکہ آسٹریلیا میں اُن کی آخری ٹیسٹ سیریز فتح 2010 میں ہوئی تھی۔