بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی ٹیم سے پھر ہاتھ ملانے اور ہینڈ شیک معاملے پر ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے انوکھا جواب دیا۔
بھارتی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا پاکستان کے ساتھ اگلے میچ میں کیا ہوگا ابھی تو یہ لمحہ ہے جسے ہم انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پاکستان کو کمزور حریف قرار دینے کے بیان پر پچھتا رہے ہیں تو سوریا کمار یادیو نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بالکل نہیں اگر یہ فائنل ہوتا تو سخت مقابلہ ہوتا، فائنل ایک موقع ہوتا ہے۔
اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ یہ بس ایک میچ ہے لیکن فائنل تو فائنل ہوتا ہے۔ سوریا کمار یادیو نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ یہ ناک آؤٹ گیم ہے، آپ نے اس کے لئے بہت محنت کی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا کہ میں نے کچھ غلط کہا ہے، میری ٹیم جب پریکٹس کرتی ہے یا میچ میں کھیلتی ہے تو مجھے اس کی صلاحیت کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال میں کھیل سکتے ہے۔اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے وہ بات کہی تھی۔
یاد رہے کہ بھارتی کپتان نے ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف میچ کے بعد کہا تھا کہ اب وہ پاکستان کو سخت حریف نہیں سمجھتے، جس کے بعد ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا تھا۔
ایشیا کپ میں پہلے میچ میں ٹاس کے موقع پر سوریا کماریادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا اور میچ ختم ہونے کے بعد بھی دونوں ٹیموں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں کیا گیا، یہ عمل تینوں میچوں میں دہرایا گیا۔
