ایشیا کپ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے ویمن کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سلمان علی آغا کے علاوہ شاہین آفریدی اور صاحبزادہ فرحان نے بھی ٹیم کی جیت کے لئے ویڈیو میں جیت کے لئے دعا کی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ ان کی اور پوری ٹیم کی اور پورے پاکستان کی آپ کے لئے نیک خواہشات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتے آپ وہاں اچھی کرکٹ کھیلیں گی، اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی، اس ٹورنامنٹ کو جیتیں گی، ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر شاہین آفریدی نے بھی ویمن کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا ہم سب آپ کو سپورٹ کریں گے، آپ اچھا کھیلتے ہوئے آرہے ہیں، آخری بال تک مقابلہ کرنا ہے اور ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ اپنے ملک کے لئے کھیلیں، آپ لوگ جیت کر آئیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کھیل رہی ہے اور گزشتہ روز اسے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔
بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دی۔
