\
جمعرات‬‮   27   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

نمیبیا اور زمبابوے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کیلئے کوالیفائی کر لیا

       
مناظر: 445 | 3 Oct 2025  

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹیموں کی فہرست میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، افریقی کوالیفائرز کے سیمی فائنلز میں نمیبیا اور زمبابوے نے فتح حاصل کرکے میگا ایونٹ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

نمیبیا نے افریقی کوالیفائرز کے سیمی فائنل میں تنزانیہ کو جبکہ زمبابوے نے دوسرے سیمی فائنل میں کینیا کو 7 وکٹ سے زیر کرکے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

اس سے قبل یورپی کوالیفائرز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اٹلی نے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کی تھی نیدرلینڈز بھی یورپ سے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہو گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ میزبان بھارت اور سری لنکا کے علاوہ افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز، امریکا اور نیوزی لینڈ گزشتہ ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے باعث براہِ راست ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔

ان کے علاوہ پاکستان، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی ہے۔ باقی تین ٹیموں کا تعین امریکا، ایشیا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک ریجن کے کوالیفائرز سے ہو گا جس کے بعد مکمل لائن اپ کا اعلان کیا جائے گا۔