\
جمعرات‬‮   27   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

کمزور نظام اور مالی مسائل کے دوران ٹیم کیسے پرفارم کرے، کپتان راسٹن چیز

       
مناظر: 299 | 5 Oct 2025  

ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ کپتان راسٹن چیز نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کی مسلسل خراب بیٹنگ کا ایک بڑا سبب کریبیئن ممالک میں کرکٹ کا کمزور نظام اور مالی مسائل ہیں۔

یہ بات انہوں نے بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 140 رنز سے شکست کے بعد کہی۔ بھارت نے تین دن کے اندر ہی میچ جیت لیا، اور اب دہلی میں شروع ہونے والے دوسرے میچ میں سیریز 0-2 سے جیتنے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ ویسٹ انڈیز جولائی میں آسٹریلیا کے خلاف بھی ہوم سیریز 0-3 سے ہار چکی ہے۔

احمد آباد میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 162 اور 146 رنز بنا سکی اور بھارتی ٹیم کو ایک اننگز میں بھی آؤٹ نہ کر سکی۔

کپتان راسٹن چیز (Roston Chase) نے میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کریبیئن میں ٹریننگ کی سہولیات اور دیگر نظام کافی کمزور ہیں۔ میں اسے بہانہ نہیں بنا رہا، لیکن سچ یہ ہے کہ وہاں انفراسٹرکچر بہتر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ کارکردگی دکھائیں، لیکن اگر مالی طور پر مدد ملے تو ہم اپنے کرکٹ نظام کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم احمد آباد ٹیسٹ میں مجموعی طور پر صرف 89 اوورز ہی کھیل سکی اور بھارتی اسپن اور پیس دونوں کے خلاف بے بس نظر آئی۔

راسٹن چیز نے مزید وضاحت کی کہ کریبیئن کی پچز بلے بازوں کے لیے سازگار نہیں ہوتیں۔ کھلاڑی وہاں لمبی اننگز نہیں کھیل پاتے۔ فیلڈز بھی سست ہیں، گیند گپ میں مارنے کے باوجود دو رنز لینا مشکل ہوتا ہے۔ یہ سب مشکلات کھلاڑیوں کو درپیش ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں صرف 27 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ پچھلی 15 ٹیسٹ اننگز میں صرف ایک بار 250 سے زیادہ رنز بنا سکی ہے۔

کپتان نے آخر میں کہا کہ ہم 80 اوورز بھی پورے نہیں کھیل پاتے، نہ ایک دن وکٹ پر رہ پاتے ہیں، اور نہ ہی 250 یا 300 رنز کا مجموعہ حاصل کر پاتے ہیں۔ ٹیسٹ میچ میں اگر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہیں اور دن مکمل نہیں کھیلتے، تو جیتنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔