یو ایف سی لائٹ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے بڑے مقابلے میں برازیل کے اسٹار فائٹر الیکس پیریرا روس کے ماگومید انکالایف کو ناک آؤٹ کر کہ ایک بار پھر چیمپئن بن گئے۔
یہ مقابلہ (Ankalaev vs Pereira 2)دونوں فائٹرز کے درمیان پرانی دشمنی کو ختم کرنے کے لیے رکھا گیا تھا۔
مارچ میں یو ایف سی 313 کے دوران پیریرا کو اپنا ٹائٹل چھوڑنا پڑا تھا، لیکن اس بار انہوں نے بھرپور انداز میں واپسی کی۔
لاس ویگاس کے ٹی موبائل ایرینا میں موجود شائقین کی بڑی تعداد الیکس پیریرا کے حق میں تھی۔
جیسے ہی مقابلہ شروع ہوا، پیریرا نے برق رفتاری سے حملہ کیا اور دائیں ہاتھ کے ایک ہی وار سے انکالایف کو ششدر کر دیا۔
روسی فائٹر نے جوابی وار میں پیریرا کی ٹانگ قبضے میں لینا چاہی مگر پچھلے زوردار حملے کی باٰعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے۔
اس کے بعد پیریرا نے اوپر سے مسلسل کہنیاں مار کر ٹی کے او (ٹیکنیکل ناک آؤٹ) حاصل کر لیا۔
ماگومید انکالایف اس اچانک اور شدید حملے سے پریشان نظر آئے اور زمین پر کوئی دفاع نہیں کر سکے۔
پیریرا نے فتح کے بعد اپنے مخصوص انداز میں جشن منایا، جبکہ قریبی بیٹھے فائٹر جیری پروچازکا، جنہوں نے رات کا ایک اور مقابلہ جیتا، شکست دیکھ کر جذباتی نظر آئے۔
اس کامیابی کے بعد پیریرا نے نہ صرف اپنا کھویا ہوا ٹائٹل واپس حاصل کر لیا، بلکہ یو ایف سی میں اپنی مقبولیت کو بھی مزید بڑھا لیا ہے۔
