قومی کرکٹر صہیب مقصود کے ساتھ شو روم مالک نے بڑا فراڈ کر دیا۔
قومی کرکٹر صہیب مقصود sohaib maqsood کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ ایک بڑا کار فراڈ ہوا ہے، جس میں ایک شوروم کے مالک نے ان کی گاڑی ان کی اجازت اور اصل کاغذات کے بغیر فروخت کر دی۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی گاڑی جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ روپے تھی، شوروم مالک نے فروخت کر دی جبکہ اصل کاغذات اب بھی ان کے پاس موجود ہیں۔
اس کے بدلے میں شو روم مالک نے انہیں ایک ایسی گاڑی دی جس کے کاغذات جعلی نکلے اور اس کے ساتھ ساتھ ان سے مزید 70 لاکھ روپے بھی ہتھیا لئے گئے۔
صہیب مقصود نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، پنجاب پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کریں اور ایسے دھوکہ بازوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں جو لوگوں کی محنت کی کمائی سے کھیلتے ہیں۔
صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پر مزید انکشاف کیا کہ آٹھ ماہ بعد انہوں نے اپنی گمشدہ گاڑی لاہور کے ایک گھر میں تلاش کی لیکن جب اس شخص سے گاڑی واپس لینے کی کوشش کی گئی تو اس نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ گاڑی خریدی ہے اوریہ گاڑی کوئی پولیس بھی ان گھر سے نہیں لے جا سکتی۔
ان کاکہنا تھا کہ اگر ایک قومی کھلاڑی کے ساتھ یہ سب کچھ ہو سکتا ہے تو عام آدمی کا کیا حال ہوتا ہو گا، اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے قومی کرکٹر کی حمایت کی اور حکام سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔