اتوار‬‮   26   اکتوبر‬‮   2025
 
 

ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا

       
مناظر: 740 | 26 Oct 2025  

کراچی:بھارتی بیٹنگ اسٹار ویرات کوہلی نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کمار سنگاکارا کے رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

یہ کارنامہ انہوں نے ہفتے کے روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں انجام دیا۔

کپتان روہت شرما کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرنے والے کوہلی نے 81 گیندوں پر 74 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔

اس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں، جن کے مجموعی رنز اب 14,255 ہیں۔

ویرات کوہلی نے 305 میچز میں 57.71 کی اوسط اور 93.26 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 75 نصف سنچریاں اور 51 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا اب فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جنہوں نے 404 میچوں میں 14,234 رنز بنائے تھے، جن میں 93 نصف سنچریاں اور 25 سنچریاں شامل ہیں۔

ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اب بھی بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچز میں 18,426 رنز 44.83 کی اوسط سے بنائے، جن میں 96 نصف سنچریاں اور 49 سنچریاں شامل ہیں۔

کوہلی کی یہ تاریخی اننگز اُس میچ میں سامنے آئی جس میں بھارت نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش سے بچاؤ کیا اور سیریز 2-1 پر ختم ہوئی۔

237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 69 گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا۔ روہت شرما نے شاندار 121 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جب کہ کوہلی نے پُراعتماد نصف سنچری کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

اس سے قبل بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شبمن گل نے 69 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد جوش ہیزل وُڈ نے گل کو 24 رنز پر آؤٹ کیا۔ بعد ازاں روہت اور کوہلی نے آسٹریلوی بولنگ لائن کو مکمل طور پر دباؤ میں رکھا۔

روہت نے 13 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنی 33 ویں سنچری مکمل کی، جب کہ کوہلی کے نفیس اسٹروک پلے نے ٹیم کو آسان کامیابی دلائی۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن ابتدا میں بہتر آغاز کے بعد دھیرے دھیرے بکھر گئی۔ ایک موقع پر 183/3 پر کھیلنے والی ٹیم 236 پر ڈھیر ہوگئی، اور اپنے آخری سات وکٹیں صرف 53 رنز کے اضافے سے گنوا بیٹھے۔

بھارتی بولر ہرشِت رانا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 39 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میٹ رینشا 56 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اگرچہ آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں شکست ہوئی تاہم وہ پہلے دو میچ جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔