\
پیر‬‮   10   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

مائیک ہیسن نے بابراعظم کو اعتماد کا ووٹ دے دیا

       
مناظر: 718 | 10 Nov 2025  

لاہور:ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بابراعظم کو اعتماد کا ووٹ دے دیا، انہوں نے سابق کپتان سے جلد بڑے اسکورز کی امید ظاہر کی ہے۔

مائیک ہیسن نے واضح کیا کہ بابر اعظم تکنیکی طور پر مضبوط بیٹر ہیں، ان کے کھیل میں کوئی کمی نہیں، وہ اچھی رفتار اور صحیح انداز میں گیند کو کھیل رہے ہیں اگرچہ گزشتہ ون ڈے سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کا اسکور کم رہا۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر کی یہ فارم عارضی اور وہ ایک بڑے اسکور کے قریب ہیں، میں نے ان کے کھیل سے بہت خوشی محسوس کی، اگرچہ بڑے اسکور نہیں بنے لیکن ان کے کھیلنے، گیپ میں شاٹ اور مثبت انداز میں گیم کرنے کا طریقہ واقعی اچھا تھا، وہ ٹی 20 میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور یہاں بھی انہوں نے اچھے اسٹارٹ لیے ہیں، انہوں نے دباؤ کو بخوبی سہہ لیا، خاص طور پر جب پاکستان نے ابتدائی وکٹ جلد کھو دی تھی۔

ہیسن کے مطابق بابر کو زیادہ فکر نہیں کرنی چاہیے کہ وہ ہر اسٹارٹ کو بڑے رنز میں تبدیل کریں بلکہ ان کا فوکس صرف اپنی بیٹنگ ردھم اور درست فیصلے کرنے پر ہونا چاہیے، پہلے میچ میں گیند کچھ کم اونچائی پر رہی اور بابر کو اس کا نقصان ہوا، تیسرے میچ میں انہوں نے دباؤ برداشت کیا، اچھا کھیل پیش کیا مگر بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئے، وہ ایسی فارم میں ہیں کہ جلد ان اچھا آغاز بڑے اسکورز میں بدل جائیں گے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے جنوبی افریقا کیخلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں مجموعی طور پر 45 رنز بنائے، ان کی اوسط 15 اور اسٹرائیک ریٹ 78.94 رہا، پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی بار اپنے ملک میں ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

بابر اعظم اگلے تین ون ڈے میچز کی سیریز میں سری لنکا کے خلاف کھیلیں گے جو 11 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگی۔