نیوزی لینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔
ویسٹ انڈین ابتدائی 4 اوورز کے بعد ہی مشکلات کا شکار ہوگئی اور کوئی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکا، پوری ٹیم 161 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
روسٹن چیز 38، جون کیمپبیل 26 اور کھاری پیری ناٹ آؤٹ 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 4، جیکب ڈفی اور مچل سینٹنر نے 2،2 جبکہ کائل جیمیسن اور زیک فولکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم ابتداء میں مشکلات کا شکار ہوئی اور اس کی 3 وکٹیں صرف 32 رنز پر گرگئیں۔
تاہم مارک چیپمین (64) کی نصف سنچری اور مائیکل بریسویل کی ناقابل شکست 40 رنز کی اننگز کی بدولت کیوی ٹیم نے ہدف 30.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 2 دسمبر سے ہوگا۔
