\
منگل‬‮   16   دسمبر‬‮   2025
 
 

انڈر 19 ایشیا کپ، پاکستان آج یو اے ای کو تختہ مشق بنائے گا

       
مناظر: 384 | 16 Dec 2025  

لاہور:انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان منگل کے روز یو اے ای کو تختہ مشق بنائے گا،گزشتہ روز بنگلہ دیش اور سری لنکا نے سیمی فائنل میں رسائی پالی،افغانستان باہر ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈر19 ایشیا کپ کے دلچسپ میچز یو اے ای میں جاری ہیں، بھارت سے گزشتہ میچ ہارنے والی پاکستانی ٹیم منگل کو یو اے ای کیخلاف میدان سنبھالے گی۔

بلو شرٹس کا سامنا ملائیشیا سے ہوگا، گزشتہ روز گروپ بی کے آٹھویں میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف نیپالی ٹیم31.1 اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دبئی میں بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی حریف بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار نظر آئی، اوپنر ساحل پٹیل نے 18 اور نراج کمار یادو نے 14 رنز بنائے، مڈل آرڈر میں ابھیشیک تیواری نے 30 اور وکٹ کیپر آشش لوہار نے 23 رنز کی اننگز کھیلیں۔

محمد صبوج نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، سعد اسلام ، عزیز الحکیم اور شہریار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا، زواد ابرار نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 گیندوں پر ناقابل شکست 70 رنز بنائے، کلام صدیقی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، ٹیم نے 24.5 اوورز میں 3 وکٹ پر ہدف حاصل کر لیا۔

دوسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 235رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، عثمان سادات نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، عزیزاللہ 31، نورستان عمرزئی 29، کپتان محبوب خان اور عزیر اللہ 25 ، 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سیتمیکا اور ڈلنتھ نے تین، تین وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکا نے ہدف 8 وکٹیں گنوا کر 4 بالز قبل حاصل کرلیا۔

ویرن چمودیتا نے62رنز بنائے، چمیکا 51 رنز پر ناقابل شکست رہے ، کویجہ گاما جی نے 34ر نز بنائے، نورستان عمر زئی نے تین کھلاڑیوں کا آئوٹ کیا۔

ایونٹ میں بنگلہ دیش اور سری لنکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے جبکہ افغانستان دوڑ سے باہر ہو گیا ۔