\
جمعہ‬‮   9   جنوری‬‮   2026
 
 

گرین شرٹس آئی لینڈرز پر آج فیصلہ کن وار کیلیے تیار

       
مناظر: 856 | 9 Jan 2026  

کراچی:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل آج دمبولا میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس آئی لینڈرز پر فیصلہ کن وار کیلیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کو اس کے ملک میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میں 8 وکٹ سے مات دے کر 3 ٹی 20 میچز کی سیریز میں برتری حاصل کرلی تھی ، اب گرین شرٹس کی نگاہیں ایک میچ قبل ہی سیریز جیتنے پر مرکوز ہوچکی ہیں۔

دوسرا میچ آج کھیلا جائے گا، اسپنرز ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہوں گے ، ٹاپ آرڈر بیٹرز سے بھی اچھی کارکردگی کی توقع ہے، بدھ کی شب کھیلے جانے والے میچ میں اسپنرز نے 5 وکٹوں کا بٹوارا کیا تھا، ان میں سے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں شاداب خان نے حاصل کیں، ابرار احمد نے اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25 رنز دے کر 3 شکار کیے تھے۔

سری لنکا کی رسٹ اسپن کے خلاف وکٹیں گنوانے کی پرانی عادت ہے، پاکستان نے واضح طور پر اس حوالے سے اپنا ہوم ورک پہلے سے ہی کر رکھا تھا۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی ٹیم کی پہلے میچ میں کارکردگی سے کافی خوش ہیں، اگرچہ انھوں نے قدرے ناقص فیلڈنگ پر تشویش ظاہر کی مگر ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ ٹیم نے بہت ہی زبردست پرفارم کیا، جس انداز میں ہم نے گیند کے ساتھ آغاز کیا اس پر مجھے بہت زیادہ خوشی ہے۔

اسٹمپس پر اٹیک نے ہی ہمیں کھیل پر کنٹرول کا موقع فراہم کیا، جس کے بعد اسپنرز آزمائے، اگرچہ فیلڈ میں کچھ سستی دکھائی دی مگر مجموعی طور پر کارکردگی اچھی رہی۔

ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں، شاداب خان اور محمد نواز آل راؤنڈر ہیں،آن کی وجہ سے ہمیں مختلف آپشنز ملتے ہیں، صائم ایوب نے تو بولنگ ہی نہیں کی، ہم نے گزشتہ 6 ماہ ان بولرز کی بولنگ میں بہتری پر صرف کیے، اس لیے اب ان میں سے انتخاب کرنا قدرے دشوار ہے۔

مائیک ہیسن نے بیٹنگ یونٹ کو بھی سراہتے ہوئے ان دنوں بگ بیش میں مصروف بابراعظم کی بھی تعریف کی۔

انھوں نے کہا کہ بابر ہمارے بیٹنگ گروپ میں توازن لائے، ہمارے پاس بہت سے اسٹروک پلیئرز ہیں اور بابرسب کو جوڑ کر رکھنے کا کام انجام دیتے ہیں۔ ادھر پاکستان ٹیم نے جمعرات کو پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی ۔