کراچی:بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی کیریئر میں جیتی گئے تمام ٹرافیاں اور ایوارڈز اپنی ماں کو گڑگاؤں بھیج دیتے ہیں۔
یہ انکشاف انہوں نے گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کے پہلے ون ڈے میچ کے بعد گفتگو میں کیا، ویرات کوہلی نے اس میچ میں 93 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلائی اور مین آف دی میچ کے حقدار قرار پائے۔
ویرات کوہلی نے بتایا کہ انکی ماں کو یہ ایوارڈز سنبھالنا اور رکھنا پسند ہے۔ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایوارڈز اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ انہیں خود بھی ان کی گنتی یاد نہیں رہتی، اس لیے وہ سب اپنے گھر بھیج دیتے ہیں جہاں ان کی ماں ان ایوارڈز کو فریم کر کے رکھتی ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے اپنی پوری زندگی کو “ایک خواب جیسا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اس سفر پر خدا کے بہت شکرگزار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں ویرات کوہلی نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل کوہلی 27 ہزار 975 رنز بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں تیسرے نمبر پر تھے تاہم 93 رنز کی اننگز کھیل کر دوسرے نمبر پر براجمان ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ میں مجموعی طور پر 34 ہزار 357 رنز بنائے ہیں، اب دوسرے نمبر ویرات کوہلی ہیں، جن کے رنز کی تعداد 28 ہزار 68 ہوگئی ہے۔
سنگاکارا 28 ہزار 16 رنز بنا کر تیسرے، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 27 ہزار 483 اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے 25 ہزار 957 رنز بنا کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
ویرات کوہلی کی ون ڈے کرکٹ کے کیریئر میں مین آف دی میچ کی تعداد بھی 45 ہوگئی ہے، ان سے آگے سری لنکا کے سنتھ جے سوریا 48 جبکہ سچن ٹنڈولکر 62 مین آف دی میچ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
