\
پیر‬‮   19   جنوری‬‮   2026
 
 

پی ایس ایل 11 میں بڑی اصلاحات، ڈرافٹ کی جگہ آکشن سسٹم متعارف

       
مناظر: 587 | 19 Jan 2026  

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، جن کا اطلاق ٹورنامنٹ کے گیارہویں ایڈیشن سے ہوگا۔

پی ایس ایل 11 میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے آکشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق آکشن کے ذریعے ٹیمیں زیادہ متوازن بن سکیں گی جبکہ کھلاڑیوں کو بہتر مالی مواقع بھی میسر آئیں گے۔

پی سی بی نے لیگ سے مینٹورز، برانڈ ایمبیسڈر اور رائٹ ٹو میچ (RTM) کے قوانین ختم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو مجموعی طور پر چار کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم ہر کیٹیگری میں صرف ایک کھلاڑی کو برقرار رکھا جا سکے گا۔

لیگ میں شامل ہونے والی دونوں نئی فرنچائزز کو خصوصی رعایت دیتے ہوئے آکشن سے قبل چار، چار کھلاڑی منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ہر فرنچائز کو ایک بین الاقوامی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، تاہم شرط یہ ہوگی کہ وہ کھلاڑی پی ایس ایل 2025 ایڈیشن کا حصہ نہ رہا ہو۔

آکشن کے لیے ہر ٹیم کا سیلری کیپ 16 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا، جبکہ اس ایڈیشن کے کچھ میچز پہلی بار اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں بھی کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد لیگ کو مزید مسابقتی، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔